لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال)پنجاب میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر اہم اسامیوں پر نئی تعیناتیوں کا فیصلہ،متوقع طور پرتبدیل کئے جانے والوں میں انتظامی سیکرٹریز کے علاوہ ڈویژنل کمشنرز بھی شامل ہوں گے ۔ اہم سول بیوروکریٹس کے تقرر و تبادلوں کی غرض سے سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے تیاریاں شروع کر دیں۔معتبر اور مصدقہ ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکومت پاکستان کی جانب سے افسروں کو دی جانے والی ترقیوں کے تناظرمیں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ میں کئی اہم اسامیوں پر نئی تقرریاں متوقع ہیں تو وہیں پر ایسے افسر جن کی کارکردگی رواں مالی سال2018-19 کے ابتدائی 6 ماہ میں متاثر کن نہیں رہی صوبائی حکومت ان میں سے بعض اداروں کے انتظامی افسروں کو بھی جزا و سزا کے دائرے میں لا کر انہیں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ تاہم ان کی تبدیلی کے حوالے سے متعلقہ ادارے کے صوبائی وزیر سے بھی رائے لی جائے گی تاکہ اگر کسی صوبائی وزیر کے تحفظات ہیں تو وہ بھی دور ہو جائیں اور اگر کوئی صوبائی وزیر اپنے ادارے کے انتظامی سیکرٹری کو برقرار رکھنا چاہتا ہے تو اس کو قطعاً نہ چھیڑا جائے ۔ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی ہدایات پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں افسروں کے تقرر و تبادلوں کی غرض سے گریڈ21، گریڈ20 اور گریڈ19کے افسروں کی فہرستوں کو از سر نو تیار کرنے کا کام شروع کر دیا جبکہ اس وقت پنجاب کی صوابدید پر ہونے کے باوجود افسر بکار خاص کے طور پر موجود افسروں کی فہرست بھی اپ ٹو ڈیٹ کی جا رہی ہے جو متوقع طور پر سیکرٹری سروسز کی وساطت سے چیف سیکرٹری پنجاب کو پیش کی جائے گی ۔